مہنگائی کے طوفان کے دوران عیدالاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی خریداری اور تیاریوں کا سلسلہ اپنے آخری روز میں داخل ہوگیا ہے۔
اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں قصائیوں نے عید کے موقع پر جانور کو ذبح کرنے کے ریٹس میں اضافہ کردیا ہے جس کے باعث شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔
پہلے روز بڑے جانور کو ذبح کرنے کا ریٹ 15 سے 18 ہزار روپے تک مقرر کیا جا رہا ہے جبکہ بکرے اور مینڈھے کے ذبح کا ریٹ 5 سے 7 ہزار روپے تک طے کیا گیا ہے۔
عید کے دوسرے روز بڑے جانور کے ذبح کا ریٹ 12 سے 15 ہزار روپے اور چھوٹے جانور کے لیے تقریباً 5 ہزار روپے تک وصول کیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح تیسرے روز بڑے جانور کے ذبح کا ریٹ 10 سے 12 ہزار روپے جبکہ چھوٹے جانور کے لیے 4 سے 5 ہزار روپے تک مقرر کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں قصائیوں کے بڑھتے ہوئے ریٹس نے عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کو مزید مہنگا بنا دیا ہے جس سے متوسط طبقہ خاص طور پر متاثر ہورہا ہے۔

















