میلسی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت ڈائیو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے فلیگ مارچ اور خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سعد بن خالد اور ریجنل منیجر عقیل احمد کی قیادت میں نکالی گئی آگاہی ریلی کے دوران شہریوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں محفوظ طریقے سے تلف کرنے کیلئے پلاسٹک بیگز تقسیم کیے گئے۔
انتظامیہ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے تینوں دن ڈائیو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں گی تاکہ شہر میں صفائی کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ قربانی کی آلائشیں پلاسٹک بیگز میں بند کرکے مقررہ مقامات پر رکھیں تاکہ انہیں بروقت ٹھکانے لگایا جا سکے۔
ڈائیو ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے 40 یونین کونسلز میں خصوصی آگاہی کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کی رہنمائی کیلئے سپروائزرز کے نام اور رابطہ نمبرز آویزاں کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں کی سہولت کیلئے شکایات سیل اور ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کر دیے ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عید کے دوران شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

















