Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش؛ تیز ہواؤں اور آندھی کی پیش گوئی

5 جون تک بالائی پنجاب کے چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج سے 5 جون تک تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 5 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم سمیت بالائی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، میانوالی، بہاولپور، لیہ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور حافظ آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ وزیرآباد، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، لاہور، ننکانہ صاحب اور میان چنوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ ساہیوال، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، رحیم یار خان اور بہاولنگر میں وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 5 جون تک بالائی پنجاب کے چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

آزاد کشمیر کے وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں آئندہ چار روز کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت اور گانچھے میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، دیر، بونیر، شانگلہ، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔

کرک، بنوں، وزیرستان، خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، کرم، ہنگو، نوشہرہ، مردان، صوابی اور پشاور میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ صوبے کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے۔

بلوچستان کے ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، نصیرآباد، جعفرآباد، لورالائی، کوہلو، زیارت، سبی، ہرنائی، خضدار، آواران اور لسبیلہ میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

سندھ کے سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیرپور، دادو، موئن جو دڑو، شکارپور اور شہید بینظیر آباد میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔