Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران معاہدے کے بعد معاشی اہداف میں بہتری کی توقع ہے، محمد اورنگزیب

محمد اورنگزیب مسلسل تین بجٹ پیش کرنے والے چند پاکستانی وزرائے خزانہ میں شامل ہو گئے ہیں

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایران معاہدے کے بعد معاشی اہداف میں بہتری کی توقع ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مزید عالمی بانڈز کے اجرا کا خواہاں ہے ایران جنگ کے خاتمے کے بعد پاکستان 2027 کے لیے اپنی معاشی بہتری دیکھ رہا ہے تاہم بجٹ میں فوری تبدیلی کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔

انہوں  نے کہا کہ جنگ کے دوران توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا سپلائی چینز کی مکمل بحالی میں وقت لگے گا اس تنازع نے مہنگائی کو دوبارہ دو ہندسوں میں پہنچا دیا تھا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کے مالی سال 2027 کے بجٹ میں معاشی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر کیا گیا ہے، اگلے سال مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد مقرر کیا گیا ہے دفاعی اخراجات میں 18 فیصد اضافہ کرکے انہیں 3 ہزار ارب روپے تک بڑھایا گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کو برقرار رکھنے کے لیے زیادہ ٹیکس آمدن پر انحصار کیا گیا ہے، کمرشل قرضوں سے قرض دہندگان کا پروفائل تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ کچھ دوطرفہ قرضوں کی جگہ کمرشل قرضے لے سکیں ہمارا مقصد بیرونی قرضوں کے حجم میں اضافہ کرنا نہیں ہے، پاکستان نے گزشتہ ماہ یو اے ای کے 3.4 ارب ڈالر کے ڈپازٹس واپس کیے، اس کے ساتھ ساتھ اماراتی کمرشل بینکوں سے بھی معاونت حاصل کی۔

انہوں  نے کہا کہ پاکستان مزید پانڈا بانڈز، یورو بانڈز، امریکی ڈالر بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، بانڈز کے حجم کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے، اگلے مالی سال میں 2.82 ارب ڈالر کی کمرشل اور یورو بانڈ فنانسنگ کا تخمینہ ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو ایک ارب ڈالر کے مساوی پانڈا بانڈز کے اجرا کی منظوری بھی حاصل ہے، 25 کروڑ ڈالر کے پہلے پانڈا بانڈ اجرا کو 95 فیصد ضمانت حاصل تھی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کرپٹو کرنسی، ٹوکنائزیشن اور ڈیجیٹل اثاثہ ایکسچینجز کو پہلے ریگولیٹ کرے گی، اس کے بعد ان پر ٹیکس عائد کرنے پر غور کیا جائے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق محمد اورنگزیب مسلسل تین بجٹ پیش کرنے والے چند پاکستانی وزرائے خزانہ میں شامل ہو گئے ہیں، کیونکہ پاکستان میں اکثر حکومتیں اپنی مدت پوری نہیں کرتیں، پاکستان میں وزرائے خزانہ بھی بار بار تبدیل ہوتے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں