اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان 30 منٹ سے زائد گفتگو جاری رہی۔
اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور آئندہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مسعود پزشکیان، ایرانی قیادت اور ایرانی عوام کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے ایرانی قیادت کی کامیابی کی دعا بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر شعبے میں ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شخصیات نے ثالثی کے عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے جلد از جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دورے کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ آئندہ دنوں میں بھی مسلسل رابطے میں رہنے اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
















