Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گوگل کے نئے اے آئی ٹول نے ہلچل مچا دی، صرف 4 سیکنڈ میں تصویر تیار

کمپنی کا نانو بنانا پرو ورژن بھی دستیاب ہے جو زیادہ طاقتور فیچرز کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے

 گوگل نے مصنوعی ذہانتکی دنیا میں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنے امیج جنریشن پلیٹ فارم نانو بنانا 2 لائٹ کو متعارف کرا دیا ہے جسے رفتار اور کم لاگت کے لحاظ سے کمپنی کا اب تک کا مؤثر ترین ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔

گوگل کے مطابق نیا ماڈل محض چار سیکنڈ میں ایک تصویر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کے باعث ایسے صارفین اور ڈویلپرز کے لیے یہ خاص طور پر مفید ہوگا جنہیں مختصر وقت میں بڑی تعداد میں تصاویر تخلیق کرنی ہوتی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ماڈل کے ذریعے ایک ہزار تصاویر بنانے پر صرف 0.034 ڈالر لاگت آتی ہے جو اسے سابقہ ورژنز کے مقابلے میں کہیں زیادہ معاشی انتخاب بناتی ہے۔

یاد رہے کہ گوگل نے گزشتہ سال نانو بنانا کا پہلا ورژن متعارف کرایا تھا، جبکہ رواں سال فروری میں نانو بنانا 2 پیش کیا گیا۔ اب نیا نانو بنانا 2 لائٹ بنیادی طور پر اصل نانو بنانا کی جگہ لے گا اور روزمرہ کے تیز رفتار امیج جنریشن کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

دوسری جانب کمپنی کا نانو بنانا پرو ورژن بھی دستیاب ہے جو زیادہ طاقتور فیچرز کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے تاہم اسے استعمال کرنے کے لیے ماہانہ سبسکرپشن درکار ہوتی ہے۔

گوگل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ نانو بنانا 2 لائٹ کو گوگل اے آئی  اسٹوڈیو اور جیمنائی اے پی آئی کے ذریعے استعمال کیا جا سکے گا جبکہ اسی موقع پر کمپنی نے اپنے نئے ماڈل جیمنائی اومنی فلیش کی دستیابی کا بھی اعلان کیا، جس سے اے آئی ٹولز کی رفتار اور کارکردگی میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔