Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گوگل نے نئی سیٹنگز متعارف کرادیں، اب آپ کا اپ لوڈ کیا گیا مواد بھی استعمال ہوسکتا ہے

ذاتی تصاویر محفوظ کرنے والی اس کی علیحدہ سروس میں موجود مواد اس پالیسی کا حصہ نہیں، گوگل

گوگل نے اپنے صارفین کے لیے نئی سیٹنگز متعارف کرادی ہیں جس کے تحت سرچ کی مختلف سہولتوں میں اپ لوڈ کی گئیں تصاویر، وائس، ویڈیوز اور دیگر مواد کو محفوظ کرکے مصنوعی ذہانت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

گوگل نے صارفین کے اکاؤنٹس میں نئی سیٹنگز متعارف کرائی ہیں جن کے تحت سرچ سے متعلق مختلف سہولتوں پر اپ لوڈ کیا گیا مواد محفوظ کیا جاسکے گا اور اسے مصنوعی ذہانت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

یہ تبدیلی سرچ، تصویر کے ذریعے سرچ، نقشے، زبانوں کے ترجمے، خریداری، فضائی سفر، ہوٹلوں اور خبروں سے متعلق سہولتوں پر اپ لوڈ کیے گئے مواد پر لاگو ہوگی۔

نئی سیٹنگز کے تحت تصویر کے ذریعے سرچ میں اپ لوڈ کی گئی تصاویر، سرچ کے دوران بھیجی گئی فائلیں، آواز کے ذریعے تلاش کی ریکارڈنگ، زبان سیکھنے کی مشق کے دوران ریکارڈ ہونے والی آواز اور آواز کے ذریعے کی جانے والی تلاش کا مواد محفوظ کیا جاسکے گا۔

گوگل کے مطابق محفوظ کیے گئے اس مواد کو مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے، زیادہ موزوں نتائج فراہم کرنے اور نئے مصنوعی ذہانت کے نظام کی تربیت کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ذاتی تصاویر محفوظ کرنے والی اس کی علیحدہ سروس میں موجود مواد اس پالیسی کا حصہ نہیں ہوگا۔ یہ تبدیلی صرف سرچ سے متعلق سہولتوں کے ذریعے اپ لوڈ کیے گئے مواد پر لاگو ہوگی جب کہ دیگر خدمات کے لیے الگ سیٹنگز موجود رہیں گی۔

گوگل نے اپنی سابقہ سرگرمیوں کی سیٹنگز کو دو الگ حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔ جن صارفین نے پہلے اپنی سرگرمیوں کو محفوظ رکھنے کی اجازت دے رکھی تھی ان کے لیے نئی سیٹنگز بھی زیادہ تر فعال ہوگی جب کہ جنہوں نے پہلے ہی یہ سہولت بند کر رکھی تھی ان کے لیے نئی سیٹنگز بھی بند رہے گی۔

کمپنی کے مطابق مصنوعی ذہانت کی تربیت سے پہلے اپ لوڈ کیے گئے مواد کو صارف کے کھاتے سے الگ کردیا جاتا ہے اور خودکار نظام کے ذریعے شناخت ظاہر کرنے والی اور حساس ذاتی معلومات ہٹادی جاتی ہیں۔

اگر کوئی صارف نہیں چاہتا کہ اس کا اپ لوڈ کیا گیا مواد محفوظ کیا جائے یا مصنوعی ذہانت کی تربیت کے لیے استعمال ہو تو وہ اپنی سرگرمیوں کی سیٹنگز میں جاکر اس سہولت کو بند کرسکتا ہے۔

تاہم یہ سہولت بند کرنے سے پہلے محفوظ کیا گیا مواد خودکار طور پر حذف نہیں ہوگا بلکہ اسے الگ سے حذف کرنا پڑے گا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ یہ نئی سیٹنگز صرف اس بات کو کنٹرول کرتی ہے کہ سرچ کے دوران اپ لوڈ کیا گیا مواد کس طرح محفوظ اور استعمال کیا جائے جب کہ سرچ کے نتائج میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ خلاصے اس سے متاثر نہیں ہوں گے۔