Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ریلوے ٹریک کے درمیان سولر پینل کا کامیاب تجربہ، بجلی پیدا ہونے لگی

یہ منصوبہ اپریل 2025 میں ایک سو میٹر طویل فعال ریلوے لائن پر شروع کیا گیا تھا۔

سوئٹزرلینڈ میں ریلوے ٹریک کے درمیان سولر پینل کا کامیاب تجربے کے بعد اس منصوبے کو مستقل بنیادوں پر وسعت دینے پر غور کیا جارہا ہے جب کہ ابتدائی مرحلے میں پیدا ہونے والی بجلی مقامی بجلی کے نظام میں شامل کی جارہی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں ریلوے ٹریک کے درمیان سولر پینل نصب کرنے کا تجربہ کامیاب رہا ہے جس کے بعد اس منصوبے کو مستقبل میں مستقل بنیادوں پر وسعت دینے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

یہ منصوبہ اپریل 2025 میں ایک سو میٹر طویل فعال ریلوے لائن پر شروع کیا گیا، جہاں 48 سولر پلیٹین نصب کی گئیں۔ ابتدائی طور پر اسے تین سالہ آزمائشی منصوبے کے طور پر منظور کیا گیا تھا تاہم پہلے سال کے مثبت نتائج کے بعد اسے مستقل بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔

اس وقت اس منصوبے سے پیدا ہونے والی بجلی مقامی بجلی کے نظام میں شامل کی جارہی ہے جب کہ منصوبہ بنانے والی کمپنی مستقبل میں یہ بجلی براہِ راست ریلوے کے برقی نظام تک پہنچانے پر بھی کام کررہی ہے۔

منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ ضرورت پڑنے پر مرمت یا معائنے کے لیے سولر پلیٹس کو آسانی سے ہٹایا جاسکتا ہے جس سے ریلوے کی دیکھ بھال میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آتی۔

کمپنی کے مطابق اگر یہ ٹیکنالوجی پورے ملک کے ریلوے نظام پر نصب کی جائے تو سالانہ تقریباً ایک کھرب واٹ گھنٹے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے جو ملک کی مجموعی بجلی کی ضرورت کا تقریباً دو فیصد بنتی ہے۔

ابتدائی خدشات کے باوجود کمپنی کا کہنا ہے کہ پہلے سال کے دوران گیارہ ہزار سے زائد ٹرینیں ان پلیٹس کے اوپر سے گزریں لیکن نہ ان کی مضبوطی متاثر ہوئی اور نہ ہی حفاظت سے متعلق کوئی مسئلہ سامنے آیا۔

کامیاب آزمائش کے بعد کمپنی نے اٹلی میں بھی ایسے منصوبے کے لیے تعاون کا معاہدہ کیا ہے جب کہ جنوبی کوریا میں بھی اسی نوعیت کے منصوبے کی سرکاری منظوری مل چکی ہے۔

علاوہ ازیں نیدرلینڈز، چین، بھارت اور سنگاپور میں بھی اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔