کوئٹہ: پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن شعبان بھرپور انداز میں جاری ہے جس کے دوران تازہ کارروائیوں میں مزید 7 خوارج مارے گئے جب کہ آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 64 تک پہنچ گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شعبان کے تحت مؤثر کارروائیاں مسلسل جاری ہیں جن میں سیکیورٹی فورسز کو اہم کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں میں مزید 7 خارجی دہشت گرد مارے گئے ہیں جس کے بعد آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 64 ہوگئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 102 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے جب کہ مختلف علاقوں میں سرچ اور کلیئرنس آپریشنز بھی جاری ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں تاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو مکمل طور پر بحال رکھا جا سکے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
















