ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ایک سال کے دوران ریکارڈ اضافہ سامنے آگیا جس نے شہریوں کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ ڈال دیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق کراچی میں آٹا ملک بھر میں سب سے مہنگا دستیاب ہے جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1800 روپے سے بڑھ کر 2900 روپے تک پہنچ گیا۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مختلف شہروں میں ایک سال کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 806 روپے سے 1250 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں آٹے کا تھیلا 1627 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے راولپنڈی میں 1613 روپے سے بڑھ کر 2786 روپے جبکہ فیصل آباد میں 1400 روپے سے بڑھ کر 2350 روپے ہوگیا۔
اعداد و شمار کے مطابق پشاور اور بنوں میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 1250 روپے تک مہنگا ہوا جبکہ کوئٹہ اور خضدار میں قیمت میں 1200 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں ایک سال کے دوران آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 850 روپے اضافہ ہوا جبکہ ملتان، سیالکوٹ اور لاڑکانہ میں آٹا تقریباً 1000 روپے مہنگا ہوگیا۔
مہنگائی کے اس اضافے نے عام شہریوں کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔















