ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ورزش سے قبل چاکلیٹ کی خوشبو سونگھنے سے بھوک میں عارضی کمی اور ورزش کے دوران کارکردگی میں بہتری آسکتی ہے۔
تحقیق کے دوران باقاعدگی سے ورزش کرنے والے 23 صحت مند نوجوانوں کو مختلف مواقع پر ڈارک چاکلیٹ، دودھ والی چاکلیٹ اور عام پانی کی خوشبو سونگھانے کے بعد ٹانگوں کی ورزش کرائی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ڈارک چاکلیٹ کی خوشبو سونگھنے والے افراد نے دیگر کے مقابلے میں زیادہ دیر تک ورزش کی جب کہ انہیں بھوک بھی کم محسوس ہوئی اور کھانے کی خواہش میں بھی کمی آئی۔
ماہرین کے مطابق چاکلیٹ کی خوشبو دماغ کے ان حصوں کو متحرک کرتی ہے جو یادداشت، جذبات اور بھوک سے تعلق رکھتے ہیں۔
اس سے دماغ کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کھانا کھایا جانے والا ہے جس کے باعث بھوک عارضی طور پر کم ہوسکتی ہے اور ورزش پر زیادہ توجہ مرکوز رہتی ہے۔
تحقیق میں دودھ والی چاکلیٹ کی خوشبو سے بھی کچھ حد تک بہتر کارکردگی دیکھی گئی تاہم اس کے اثرات ڈارک چاکلیٹ جتنے واضح نہیں تھے۔
تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ یہ تحقیق محدود پیمانے پر صرف نوجوان مردوں پر کی گئی، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہی نتائج خواتین، بزرگ افراد یا ورزش کا آغاز کرنے والوں پر بھی لاگو ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ورزش سے پہلے صرف خوشبو پر انحصار کرنے کے بجائے متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کا استعمال زیادہ مؤثر اور محفوظ طریقہ ہے۔
ماہرین مزید کہتے ہیں کہ ناکافی غذا کے ساتھ ورزش کرنا جسم میں توانائی کی کمی، ہڈیوں کی کمزوری اور دیگر طبی مسائل کا سبب بن سکتا ہے اس لیے چاکلیٹ کی خوشبو کو فی الحال ایک ممکنہ خیال سمجھا جائے، نہ کہ ثابت شدہ طریقہ۔




















