میٹا نے واٹس ایپ کے ویب ورژن اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرادیا ہے جس کے ذریعے صارفین اب پی ڈی ایف فائلز کو ڈاؤن لوڈ کیے بغیر براہ راست چیٹ میں کھول اور استعمال کرسکیں گے۔
میٹا نے واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ میں ایک اہم تبدیلی متعارف کرائی ہے جس کا مقصد صارفین کے لیے دستاویزات کا استعمال مزید آسان بنانا ہے۔
نئے فیچر کے تحت اب اگر کسی صارف کو واٹس ایپ پر پی ڈی ایف فائل موصول ہوتی ہے تو اسے دیکھنے کے لیے پہلے ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ فائل براہ راست چیٹ کے اندر ہی کھل جائے گی جس سے وقت کی بچت کے ساتھ استعمال میں بھی آسانی ہوگی۔
کمپنی نے اس سہولت کے لیے اڈوب کے ساتھ شراکت داری کی ہے جس کے نتیجے میں صارفین نہ صرف پی ڈی ایف فائلز دیکھ سکیں گے بلکہ ان میں متن کو ہائی لائٹ کرنے اور نوٹس شامل کرنے جیسی بنیادی تدوینی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھاسکیں گے۔
میٹا کے مطابق یہ فیچر دنیا بھر میں واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے جاری کردیا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ چونکہ واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کرچکی ہے اور روزانہ بڑی تعداد میں دستاویزات کا تبادلہ کیا جاتا ہے، اس لیے یہ نیا فیچر صارفین کے لیے خاصا مفید ثابت ہوگا۔
اس کے علاوہ پی ڈی ایف فائلز چیٹ کے اندر کھولنے کے باوجود اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے ڈیٹا کا تحفظ برقرار رہے گا۔
میٹا نے واٹس ایپ میں مزید نئی سہولیات بھی شامل کی ہیں۔ اب آئی پیڈ استعمال کرنے والے صارفین براہ راست نیا واٹس ایپ اکاؤنٹ بناسکیں گے جبکہ کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے ایپ کے ڈیزائن کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں واٹس ایپ اسٹیٹس میں بھی ایک نئی سہولت متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے صارفین مختلف میوزک سروسز سے گانے براہ راست اپنے اسٹیٹس پر شیئر کرسکیں گے۔



















