ستمبر 2023 میں یونان، بلغاریہ اور ترکی میں آنے والے مہلک طوفان ڈینئیل نے جہاں ہزاروں جانیں لیں اور اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا، وہیں یونان کے علاقے تھیسالی میں تقریباً 79 پل بھی تباہ ہوگئے۔ انہی میں تاریخی پالائیو پیرگوس پل بھی شامل تھا، جو شدید سیلاب کے دباؤ کے باعث درمیان سے ٹوٹ کر جھک گیا تھا۔
ٹیمپی اور اگیا کی ساحلی آبادیوں کو آپس میں ملانے والا یہ پل مقامی افراد کے لیے ایک اہم گزرگاہ ہے۔ طوفان کے بعد پل کا درمیانی حصہ اس قدر نیچے بیٹھ گیا کہ اب وہ نیچے بہتے دریا کے پانی سے محض چند انچ کے فاصلے پر رہ گیا ہے۔
حکام نے 2023 ہی میں اس پل کو باضابطہ طور پر “تباہ شدہ” قرار دیتے ہوئے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا تھا تاہم مقامی افراد کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے نہ تو مؤثر رکاوٹیں نصب کی گئیں اور نہ ہی پل کی بحالی یا تعمیرِ نو کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متبادل راستہ اختیار کرنے سے سفر کا فاصلہ اور وقت دونوں نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں، جبکہ ایندھن کا اضافی خرچ بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ اسی وجہ سے روزانہ متعدد ڈرائیور انتباہی بورڈز کو نظر انداز کرتے ہوئے اس خطرناک پل سے گزرنے کا خطرہ مول لیتے ہیں۔
دوسری جانب نیویگیشن اور ڈیجیٹل نقشوں کی غلطیوں کے باعث کئی سیاح بھی اس پل تک پہنچ جاتے ہیں۔ ان میں سے بیشتر پل کی خستہ حالت دیکھ کر واپس لوٹ جاتے ہیں، جبکہ کچھ مہم جو سیاح اپنی گاڑیاں پل سے گزارنے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے حفاظتی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔




















