Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جاپان میں طاقتور زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی، متعدد افراد لاپتہ

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق کل شام 4 بج کر 27 منٹ پر آیا

جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں آنے والے 7.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں اور امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق حکام نے اب تک 9 ہزار 872 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جبکہ زلزلے کے باعث 36 ہزار 700 سے زائد گھروں کی بجلی بھی معطل ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق کل شام 4 بج کر 27 منٹ پر آیا جس کا مرکز کیوشو جزیرے کا اندرونی علاقہ تھا۔

زلزلے کے بعد صوبہ کوماموتو کے ایک شاپنگ مال میں بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے جہاں متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق عمارت کی دوسری منزل مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔

جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں پھنسے کئی افراد کا تاحال سراغ نہیں مل سکا جبکہ ایک فیکٹری میں چمنی گرنے کے باعث وہاں بھی سرچ اینڈ ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں لاپتہ افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

متعلقہ خبریں