ایرانی فضائیہ کے پائلٹ برگیڈیئر جنرل مجید کاظمی کی تدفین ان کے آبائی شہر شیراز میں کر دی گئی جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ایرانی حکام کے مطابق جنرل مجید کاظمی 2 مارچ 2026 کو ایک فوجی مشن کے دوران مارے گئے تھے۔ ان کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے مکمل ہونے کے بعد میت کو تہران کے شہید لشگری ایئر بیس لایا گیا جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز دیا گیا بعد ازاں جسد خاکی کو آخری تدفین کیلئے شیراز منتقل کیا گیا۔
ایرانی ذرائع کے مطابق یہ مشن امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں کی جانے والی کارروائیوں کا حصہ تھا جس میں ایرانی ایس یو 24 طیاروں نے قطر میں موجود امریکی فوجی تنصیب العدید ایئر بیس کو نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق ہدف کو نشانہ بنانے کے بعد واپسی کے دوران طیارے خلیج فارس کے علاقے میں فضائی دفاعی نظام کی زد میں آئے جس کے نتیجے میں جنرل کاظمی جان سے گئے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسی روز ایرانی فضائیہ کے ایف 5 طیاروں نے کویت میں امریکی فوجی اڈے کیمپ بُہرنگ کو بھی نشانہ بنایا۔
ایران نے جنرل کاظمی کی قربانی کو ملک کے دفاعی عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی بیرونی حملے کا جواب بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔




















