ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور دیرپا جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں تاہم اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایران پہنچ گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں کے تحت ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔ عاصم منیر مشرق وسطیٰ میں تنازع کے پُرامن، پائیدار اور جامع حل کی کوششوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس سے قبل بھی دو مرتبہ ایران کا دورہ کرچکے ہیں۔
حالیہ دورہ بھی ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان دیرپا جنگ بندی کیلئے سفارتی سطح پر سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔















