Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سانحہ پمز کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو بھجوا دی گئی، اہم سفارشات شامل

مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعدد سفارشات پیش کی گئی ہیں

اسلام آباد میں واقع سرکاری اسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہونے کے سانحے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کے سربراہ اور سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے رپورٹ تیار کرکے رات گئے وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ کے دفتر میں جمع کرائی جس کے بعد توقیر شاہ نے رپورٹ وزیراعظم کو بھجوا دی اور اس کے اہم مندرجات و سفارشات سے بھی آگاہ کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ پر انکوائری کمیٹی کے تمام اراکین کے دستخط موجود ہیں جبکہ کمیٹی نے سانحہ پمز کی وجوہات اور اس کے ذمہ داروں کا تعین بھی کیا ہے۔

رپورٹ میں امدادی کارروائیوں کے دوران ریسکیو ٹیموں کو درپیش مشکلات اور مسائل کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ پمز کے غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی رپورٹ میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعدد سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ پمز انتظامیہ اور ڈاکٹروں کے انٹرویوز کے علاوہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے بیانات بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

رپورٹ میں پمز اسپتال میں علاج معالجے اور سہولیات کی ناکافی صورتحال کا بھی ذکر کیا گیا ہے جبکہ اسپتال میں موجود سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش وزیراعظم سے کی ہے جس کے بعد متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف جلد کارروائی کا امکان ہے۔

انکوائری کمیٹی کے ذرائع نے رپورٹ وزیراعظم آفس بھجوائے جانے کی تصدیق کردی ہے تاہم رپورٹ کو عوام کے سامنے لانے یا نہ لانے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

متعلقہ خبریں