Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انوکھا فراڈ: 37 سالہ خاتون 12 سالہ بچی بن گئی، خاندان 14 ماہ تک دھوکے میں رہا

ملزمہ نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا

برازیل میں ایک حیران کن واقعے میں 37 سالہ خاتون نے خود کو 12 سالہ آٹسٹک بچی ظاہر کرکے ایک خاندان کو 14 ماہ تک دھوکے میں رکھا اور انہیں اپنی گود لینے پر بھی آمادہ کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق برازیل کی ریاست سانتا کیٹرینا کی پولیس نے شناختی فراڈ کے ایک غیرمعمولی کیس کا انکشاف کیا ہے جس میں امانڈا ماریا سوزا ڈی اولیویرا نامی خاتون نے خود کو “گیبریلا” نامی 12 سالہ بچی ظاہر کیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ریاست پارا میں ایک بدسلوکی کرنے والے خاندان سے فرار ہو کر آئی ہے۔ اس نے جوائن ویل شہر کے ایک چرچ کے پادری اور مقامی افراد کا اعتماد حاصل کیا جس کے بعد اسے مالی مدد فراہم کی گئی اور ایک خاندان نے اسے اپنے گھر میں پناہ دے دی۔

خاندان کے ساتھ رہتے ہوئے خاتون نے اپنی کم عمری کا تاثر برقرار رکھنے کے لیے بچوں جیسا رویہ اپنایا وہ بچے کی فیڈر سے دودھ پیتی، پیسیفائر استعمال کرتی اور خود کو خصوصی نگہداشت کی محتاج ظاہر کرتی رہی اس نے اپنی جسمانی ساخت کے بارے میں بھی مختلف وضاحتیں پیش کیں تاکہ کسی کو اس کی اصل عمر پر شک نہ ہو۔

خاندان نے اس پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے اس کی سالگرہ منائی، طبی اخراجات برداشت کیے اور قانونی طور پر گود لینے کی تیاری بھی شروع کر دی۔ تاہم ایک رشتہ دار کے شبہ پر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مبینہ 12 سالہ بچی دراصل 37 سالہ خاتون ہے جو ماضی میں بھی برازیل کے مختلف علاقوں میں کم عمر لڑکیوں کی شناخت اختیار کرکے اسی نوعیت کی کارروائیاں کر چکی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس کے خلاف دھوکہ دہی اور شناخت چوری کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ اسے جوائن ویل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملزمہ کے وکیل نے عدالت سے نفسیاتی معائنے کی درخواست کی ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ خاتون ممکنہ طور پر ذہنی بیماری کا شکار ہے جس کے باعث اس کی فوجداری ذمہ داری کا تعین طبی رپورٹ کی روشنی میں کیا جانا چاہیے۔