Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دنیا کا پہلا زیر زمین “جوہری قبرستان” کھلنے کے قریب

اس منصوبے کو انسانی تاریخ کا پہلا مستقل نیوکلیئر ویسٹ ریپوزیٹری قرار دیا جارہا ہے۔

دنیا میں پہلی بار جوہری فضلے کو مستقل طور پر محفوظ کرنے کے لیے بنایا جانے والا زیر زمین مرکز تقریباً مکمل ہونے کے قریب ہے جسے فن لینڈ کے جنوب مغرب میں یورا جوکی کے علاقے میں تیار کیا گیا ہے۔

یہ منصوبہ ایک ارب یورو کی لاگت سے زیر زمین سخت اور قدیم چٹانوں میں تعمیر کیا گیا ہے اور اسے انسانی تاریخ کا پہلا مستقل نیوکلیئر ویسٹ ریپوزیٹری قرار دیا جارہا ہے۔

یہ زیر زمین سہولت تقریباً 433 میٹر گہرائی تک پھیلی ہوئی ہے جہاں استعمال شدہ جوہری ایندھن کو انتہائی محفوظ طریقے سے دفن کیا جائے گا۔

منصوبے کے مطابق یہ فضلہ پہلے مرحلے میں عارضی طور پر پانی کے تالابوں میں رکھا گیا ہے اور بعد ازاں اسے مستقل طور پر زیر زمین منتقل کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس مرکز میں تقریباً 6,500 ٹن یورینیم کے برابر فضلہ محفوظ کیا جاسکے گا جو فن لینڈ کے پانچ جوہری ری ایکٹروں سے حاصل ہونے والا فضلہ ہوگا۔ اس منصوبے کی تعمیر 2004 میں شروع کی گئی تھی اور اب یہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

فن لینڈ کے نیوکلیئر ریگولیٹری ادارے کی جانب سے حتمی منظوری جون میں متوقع ہے جس کے بعد اسے باقاعدہ آپریشنل لائسنس جاری کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اس سہولت کا باقاعدہ آغاز رواں سال کے آخر یا آئندہ سال کے آغاز میں ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جوہری فضلہ ہزاروں سال تک خطرناک حد تک تابکار رہتا ہے، اسی لیے اسے انتہائی محفوظ طریقے سے محفوظ کرنے کے لیے خصوصی انجینئرنگ استعمال کی گئی ہے۔ اس فضلے کو تانبے کے مضبوط اور زنگ سے محفوظ کنٹینرز میں بند کیا جائے گا جنہیں زیر زمین سرنگوں میں کھودے گئے گڑھوں میں رکھا جائے گا۔

ہر کنٹینر کو مٹی کی خاص قسم سے ڈھانپ کر سیل کیا جائے گا جب کہ ہر سرنگ کو کنکریٹ سے بند کردیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ لیک یا رساؤ کو روکا جاسکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد آئندہ ایک لاکھ سال تک تابکاری کے خطرے کو محفوظ طریقے سے کنٹرول کرنا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ ابتدائی دس ہزار سال اس منصوبے کے لیے انتہائی اہم ہیں کیونکہ اس دوران کسی بھی ممکنہ خرابی کو روکنا ضروری ہوگا تاہم مختلف سائنسی جائزوں میں اس منصوبے کو مجموعی طور پر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

اگرچہ کچھ ماحولیاتی تنظیمیں اب بھی اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کررہی ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ اتنے طویل عرصے تک مکمل حفاظت کی ضمانت دینا ممکن نہیں تاہم فن لینڈ میں عوامی سطح پر اس منصوبے کو وسیع حمایت حاصل ہے۔

حکام کے مطابق ملک میں پیدا ہونے والا تمام جوہری فضلہ اسی ملک میں محفوظ کرنا قانونی طور پر لازم ہے اور مستقبل میں چھوٹے جوہری ری ایکٹروں سے پیدا ہونے والے فضلے کے انتظام پر بھی غور جاری ہے۔