Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بندر نے سخاوت کی انتہا کر دی، دو لاکھ چرانے کے بعد نوٹ بانٹ بھی دیئے، ویڈیو وائرل

بندر ایک شاخ پر بیٹھ گیا اور پھر اچانک بیگ کھول کر اس میں موجود پانچ پانچ سو کے نوٹ نیچے پھینکنے لگا

بھارت میں ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں عدالت کے احاطے میں ایک بندر اچانک نمودار ہوا اور ایک شہری کے ہاتھ سے دو لاکھ روپے سے بھرا بیگ چھین کر درخت پر چڑھ گیا جس کے بعد پورے جوڈیشل کمپلیکس میں ہلچل مچ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے جوڈیشل کمپلیکس میں پیش آیا جہاں زمین کی رجسٹری سے متعلق ایک کیس کی کارروائی جاری تھی۔ اسی دوران متاثرہ شخص فیس جمع کرانے اور دستاویزات لے کر وکیل کے پاس جا رہا تھا کہ اچانک ایک بندر نے موقع پا کر اس کا بیگ چھین لیا۔

بیگ چھننے کے بعد بندر درختوں پر چھلانگیں لگاتا رہا اور وہاں موجود لوگ اسے پکڑنے کی کوشش کرتے رہے تاہم وہ ایک درخت سے دوسرے درخت پر منتقل ہو کر سب کو چکمہ دیتا رہا۔

صورتحال اس وقت مزید دلچسپ ہو گئی جب پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور عدالتی احاطے کے گیٹس بند کر دیے گئے تاکہ بندر باہر نہ نکل سکے۔ اس دوران بندر چھت پر بھی چڑھ گیا اور پھر دوبارہ درختوں پر واپس آ گیا۔

کچھ دیر بعد بندر ایک شاخ پر بیٹھ گیا اور پھر اچانک بیگ کھول کر اس میں موجود پانچ پانچ سو کے نوٹ نیچے پھینکنے لگا جس پر نیچے کھڑے لوگ نوٹ جمع کرنے کے لیے دوڑ پڑے۔

اس پورے منظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین اس واقعے کو ایک طرف مزاحیہ قرار دے رہے ہیں تو دوسری طرف اسے ایک ناقابل یقین عدالتی واقعہ بھی کہا جا رہا ہے۔