انسانی جسم اور اس کی صلاحیت انتہائی حیران کن ہے اور اسی صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے نیپالی شخص نے ہاتھوں کے بل سیڑھیاں اترنے کا ایک منفرد عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
نیپال سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ ہری چندر گیری جو کہ ایک کھلاڑی ہیں نے ہاتھوں پر چلتے ہوئے محض 44.71 سیکنڈ میں 100 سیڑھیاں اترنے کا انوکھا ریکارڈ بناڈالا جبکہ انہوں نے یہ ریکارڈ چین میں یانیانگ، چونگ کنگ میں قائم کیا۔
ہری چندر گیری نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ حقیقی دنیا میں ہاتھ کے توازن کو آزمانا چاہتا تھا اس کے لیے سیڑھیاں زیادہ مناسب ہیں کیونکہ یہ سیدھی زمین سے زیادہ مشکل ہوتی ہیں کیونکہ ان کا زاویہ اور اثر مختلف ہوتا ہے۔
چین میں کچھ مشہور سیڑھیاں ہیں اس لیے یہ جگہ درست لگی کہ اس تصور کو ثابت کیا جائے مقصد یہ تھا کہ ہاتھوں کے کنٹرول کو درست، تیز اور محفوظ دکھایا جائے۔
گیری نے کہا کہ اس کوشش کے دوران منفرد چیلنجز درپیش تھے کیونکہ اگر آپ توازن برقرار نہ رکھ سکے تو یہ بہت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اور 100 سیڑھیوں سے سر،گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر گرنا زندگی کے لیے خطرناک بھی ہوسکتا ہے اسی لیے میں نے ہر قدم کو پہلے چیک کیا اور اگر میرے ہاتھ پھسل گئے یا کندھے تھک گئے تو رک گیا۔
واضح رہے کہ نیپالی کھلاڑی اس سے قبل بھی ہاتھوں کے بل چل کرمتعدد گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔




















