Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدی کی مہنگی ترین طلاق، کورٹ کا سابقہ بیوی کو 644 ملین ڈالر دینے کا حکم

سپریم کورٹ نے چی تے وون کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے طلاق کے تصفیے کی رقم 940 ملین ڈالر سے کم کرکے 644 ملین ڈالر مقرر کی

 جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ نے دنیا کی معروف میموری چپ بنانے والی کمپنی ایس کے ہائنکس کے چیئرمین اور ارب پتی کاروباری شخصیت چی تے وون کو اپنی سابقہ اہلیہ رو سو یونگ کو طلاق کے تصفیے کے طور پر 644 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے چی تے وون کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے طلاق کے تصفیے کی رقم 940 ملین ڈالر سے کم کرکے 644 ملین ڈالر مقرر کی۔ اس سے قبل سیول ہائی کورٹ نے 2024 میں انہیں اپنی سابقہ اہلیہ کو 940 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ رو سو یونگ کو جوڑے کے مشترکہ ازدواجی اثاثوں کے تقریباً ایک تہائی کے مساوی نقد رقم دی جائے۔

مقامی میڈیا نے اس فیصلے کو جنوبی کوریا کی گزشتہ 100 برس کی سب سے مہنگی طلاق قرار دیا ہے تاہم قانونی ماہرین کے مطابق فیصلہ ابھی حتمی نہیں کیونکہ دونوں فریقین کے پاس دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا قانونی اختیار موجود ہے۔

چی تے وون اور رو سو یونگ نے 1988 میں شادی کی تھی۔ رو سو یونگ جنوبی کوریا کے سابق صدر رو تے وو کی بیٹی ہیں۔ دونوں کے درمیان اختلافات کے بعد چی تے وون نے 2017 میں ثالثی کی کوشش ناکام ہونے پر عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کی جس کے بعد یہ مقدمہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت رہا۔

متعلقہ خبریں