Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی ریاست نیو جرسی کے ساحل پر شیلف کلاؤڈ کا حیران کن نظارہ

ساحل پر موجود متعدد افراد نے اس غیر معمولی منظر کو دیکھا اور اس کی تصاویر بنالیں۔

نیوجرسی: امریکی ریاست نیو جرسی کے ہگ بی ساحل پر 10 اگست کو ایک دیوہیکل شیلف کلاؤڈ سمندر سے ساحل کی جانب بڑھتا دکھائی دیا جس کے غیر معمولی منظر نے ساحل پر موجود افراد کو حیران کردیا۔

شیلف کلاؤڈ طوفان کے اگلے حصے میں بننے والا پھیلا ہوا بادل ہوتا ہے جو کم بلندی پر افق کے ساتھ ایک بڑی دیوار کی طرح دکھائی دے سکتا ہے۔

ہگ بی ساحل پر بنائی گئی تصاویر میں سیاہ اور تہہ دار شیلف کلاؤڈ خلیج کے اوپر پھیلتا ہوا نظر آیا۔ اس کے خم دار اور تہہ در تہہ حصے کی وجہ سے بادل ایک بہت بڑی دیوار کی مانند دکھائی دے رہا تھا۔

ساحل پر موجود متعدد افراد نے اس غیر معمولی منظر کو دیکھا اور اس کی تصاویر بنائیں۔ یہ تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر موسم سے متعلق ایک گروپ میں بھی شیئر کی گئیں۔

تصاویر شیئر کرنے والے شخص نے اسے علاقے میں نظر آنے والے بہترین شیلف کلاؤڈز میں سے ایک قرار دیا جب کہ بعض افراد نے اس کے غیر معمولی منظر کو جمی ہوئی آبشار سے تشبیہ دی۔

ماہرین کے مطابق شیلف کلاؤڈ عموماً گرج چمک والے طوفان کے ساتھ بنتا ہے۔ طوفان سے نکلنے والی ٹھنڈی ہوا جب تیزی سے باہر کی جانب پھیلتی ہے تو اس کے آگے یہ مخصوص بادل تشکیل پاسکتا ہے۔

ایسے بادلوں کے پیچھے تیز ہوائیں، اچانک بارش اور بجلی بھی ہوسکتی ہے، اس لیے ساحلی علاقوں میں موجود افراد کو موسم کی صورتحال بدلتے ہی محفوظ مقام کی طرف منتقل ہوجانا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ساحل، گھاٹ اور کھلے مقامات ایسے موسم میں زیادہ خطرناک ہوسکتے ہیں، اس لیے شیلف کلاؤڈ کا خوبصورت منظر دیکھنے یا اس کی تصاویر بنانے کے بجائے پہلے اپنی حفاظت کو ترجیح دینی چاہیے۔