Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

 مشروم سے ماحول دوست لیدر تیار

مستقبل میں مشروم سے بنا یہ لیدر جوتوں، بیگز اور کپڑوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے

سائنس دان ایک طویل عرصے سے جانوروں کی کھال کے ایسے متبادل کی تلاش میں تھے جو مضبوط ہونے کے ساتھ ماحول دوست بھی ہو۔ عام مصنوعی لیدر اکثر پلاسٹک سے بنتا ہے جسے ری سائیکل کرنا مشکل ہوتا ہے تاہم اب مشروم کے ریشوں سے لیدر جیسا مواد بنانے میں اہم کامیابی حاصل ہوگئی ہے۔

مشروم میں باریک ریشے موجود ہوتے ہیں جنہیں مائیسیلیم کہا جاتا ہے۔ سائنس دانوں نے ان ہی ریشوں کو ایک خاص طریقے سے اگا کر لیدر جیسا مواد تیار کیا ہے۔

اس نئے طریقے میں مائیسیلیم کو ایک گیلے گودے میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ پھر اس میں سوربیٹول شامل کیا جاتا ہے تاکہ مواد نرم رہے اور سیلولوز شامل کیا جاتا ہے تاکہ یہ مضبوط ہو پھر اسے پتلی تہہ میں پھیلا کر خشک کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زندہ مینڈک پر مشروم اگنے سے سائنسدان حیران

اس طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے سائنس دانوں نے ایک خاص رولر مشین کی مدد سے تقریباً 20 سینٹی میٹر چوڑی اور 8 میٹر لمبی شیٹس بھی تیار کی ہیں۔

کیا یہ اصلی لیدر جیسا پائیدار ہے؟

ٹیسٹ میں یہ مواد کافی مضبوط اور پائیدار ثابت ہوا ہے جبکہ سائنس دانوں نے اس سے ایک ہینڈ بیگ بھی بنایا ہے اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ ماحول میں آسانی سے ختم بھی ہو سکتا ہے۔ پانی میں رکھنے پر یہ تقریباً 28 دن میں ٹوٹ جاتا، جبکہ صنعتی کمپوسٹ میں تقریباً 6 ہفتوں میں مکمل طور پر ختم ہو گیا۔

تاہم ابھی اس مواد کو مزید پھٹنے سے بچانے کے لیے مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔اگر سائنس دان یہ مسئلہ حل کر لیتے ہیں تو مستقبل میں مشروم سے بنا یہ لیدر جوتوں، بیگز اور کپڑوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔