Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

احمد چنائے نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کردیا

احمد چنائے نے امید ظاہر کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک فوری طور پر منتقل ہوں گے۔

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر احمد چنائے نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوامی ریلیف اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ (کراچی) کے چیئرمین، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر اور پاکستان کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین احمد چنائے نے ایک بیان میں کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے گھریلو اخراجات کا بوجھ کم ہوگا، نقل و حمل اور کاروباری لاگت میں کمی آئے گی جب کہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا بلکہ ملکی معیشت میں استحکام لانے میں بھی معاونت ملے گی۔

احمد چنائے نے امید ظاہر کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک فوری طور پر منتقل ہوں گے جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کرایوں اور ضروری اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی اور شہریوں کو حقیقی ریلیف مل سکے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو ایسی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھنا چاہیے جو معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مثبت معاشی اقدامات ناگزیر ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی اسی سمت میں ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔