Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بڑی خوشخبری؛ ایندھن سستا ہوتے ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں بھی بڑی کمی

مختلف اقسام کے سولر پینلز کی قیمتیں 4 ہزار سے 9 ہزار روپے تک کم ہوگئی ہیں، ذرائع

لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد لاہور میں سولر پینلز کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

نجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ مختلف اقسام کے سولر پینلز کی قیمتیں 4 ہزار سے 9 ہزار روپے تک کم ہوگئی ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ ایندھن سستا ہونے سے نقل و حمل اور دیگر اخراجات میں کمی آئی ہے جس کے اثرات سولر مارکیٹ پر بھی مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

تاجروں کے مطابق اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مستحکم رہیں تو آنے والے ہفتوں میں سولر آلات مزید سستے ہونے کا امکان ہے جب کہ بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے۔

یاد رہے کہ ایندھن مہنگا ہونے کے دوران نقل و حمل کے بڑھتے اخراجات کے باعث بیٹریوں کی قیمتوں میں 27 ہزار سے 38 ہزار روپے تک اضافہ دیکھا گیا تھا تاہم اب صورتحال میں بہتری آنے کے بعد ان کی قیمتیں بھی نیچے آسکتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سولر سسٹمز کی مجموعی لاگت میں ممکنہ کمی سے ان صارفین کو ریلیف ملے گا جو بڑھتے بجلی کے بلوں سے بچنے کے لیے متبادل توانائی کی جانب منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سولر مارکیٹ سے وابستہ افراد کے مطابق قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد سولر پینلز اور متعلقہ آلات کی طلب میں مزید اضافہ متوقع ہے۔