اسلام آباد: اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات آج ہوں گے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نور خان ایئر بیس سے سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہوئے جب کہ وزیر اطلاعات عطاتارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ہونے والے فالو اپ عمل کا حصہ ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات کا مقصد فریقین کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے اور مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس عمل میں سہولت کار اور ثالث کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے اور مذاکراتی عمل کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونے والی پیش رفت کو برقرار رکھنے اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یہ مذاکرات اہمیت کے حامل ہیں۔

















