لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا ریلیف عوام تک پہنچنا شروع ہوگیا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نمایاں کمی کا اعلان کردیا گیا۔ مختلف شہروں کے درمیان چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 1900 روپے تک کمی کی گئی ہے۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور رانا محسن کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی پر اتفاق کیا گیا۔
رانا محسن کے مطابق تمام ٹرانسپورٹ کمپنیاں نئی کرایہ فہرستیں مرتب کررہی ہیں جب کہ نئے کرایوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ کرایوں سے زائد وصولی کی صورت میں متعلقہ ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی مال برداری کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔
جاری کردہ نئی فہرست کے مطابق لاہور سے کراچی بزنس کلاس کا کرایہ 10 ہزار 450 روپے سے کم ہوکر 8 ہزار 550 روپے مقرر کردیا گیا ہے جب کہ کراچی اکانومی کلاس کا کرایہ 8 ہزار 450 روپے سے کم کرکے 7 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔
اسی طرح ایبٹ آباد کا کرایہ 3 ہزار 400 روپے سے کم ہوکر 2 ہزار 800 روپے، بہاولنگر کا کرایہ 2 ہزار 350 روپے سے کم ہوکر 1 ہزار 950 روپے، فیصل آباد کا کرایہ 1 ہزار 85 روپے سے کم ہوکر 900 روپے مقرر کردیا گیا ہے۔
نئی فہرست کے مطابق ڈیرہ غازی خان کا کرایہ 2 ہزار 600 روپے سے کم ہوکر 2 ہزار 130 روپے، حافظ آباد کا کرایہ 2 ہزار 200 روپے سے کم ہوکر 1 ہزار 800 روپے جب کہ لاڑکانہ کا کرایہ 8 ہزار 450 روپے سے کم ہوکر 6 ہزار 930 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی سے عوام کو براہ راست ریلیف ملے گا اور تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو نئے نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
















