خطے کی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نئے مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2026 میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 31.09 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات نے جولائی 2026 کے تجارتی اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق جولائی 2026 میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 2 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہا۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں پاکستان کی برآمدات 2 ارب 24 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز تھیں، جبکہ جولائی 2025 میں برآمدات کا حجم 2 ارب 68 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2026 میں سالانہ بنیادوں پر بھی برآمدات میں 9.54 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب پاکستان کا تجارتی خسارہ جولائی 2026 میں 3 ارب 94 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہا۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 25.17 فیصد اضافہ ہوا، تاہم ماہانہ بنیادوں پر جولائی میں تجارتی خسارہ 15.22 فیصد کم ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں پاکستان کی درآمدات کا حجم 6 ارب 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہا، جو نئے مالی سال کے پہلے ماہ سالانہ بنیادوں پر 17.99 فیصد زیادہ ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر جولائی 2026 میں درآمدات میں 0.17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔



















