Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صومالی وزیر دفاع کی پاک بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

صومالی وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی کی قیادت میں اعلیٰ سطح دفاعی وفد نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کیں۔

صومالی وزیر دفاع نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی، جس میں باہمی پیشہ ورانہ امور، علاقائی بحری سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران نیول چیف نے صومالیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ صومالی وزیر دفاع نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔

صومالی وزیر دفاع نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ اشتراک اور استعدادِ کار بڑھانے کے امور پر گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی مقامی دفاعی صلاحیتوں، تربیتی نظام اور پیشہ ورانہ تبادلوں پر روشنی ڈالی، جبکہ پاک فضائیہ نے صومالی فضائیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

صومالی وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کی۔ دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں