Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پرانے عاطف اسلم واپس آگئے! ’ہُن عشق میں‘ نے مداحوں کے دل جیت لیے

عاطف اسلم اور یمنیٰ زیدی کے گانے ’ہُن عشق میں‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی

پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم اور اداکارہ یمنیٰ زیدی کی میوزک ویڈیو ’ہُن عشق میں‘ نے ریلیز ہوتے ہی مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔

دونوں فنکار اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، تاہم پہلی مرتبہ یمنیٰ زیدی عاطف اسلم کے گانے کی میوزک ویڈیو میں جلوہ گر ہوئی ہیں۔ اس ویڈیو کی شوٹنگ چند ماہ قبل کی گئی تھی جس کے بعد مداح اس کی ریلیز کے منتظر تھے۔

’ہُن عشق میں‘ کو عاطف اسلم کے آفیشل یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا ہے۔ گانے کے بول راج رنجودھ نے تحریر کیے جبکہ موسیقی شیراز اُپل نے ترتیب دی ہے۔

سیف حسن کی ہدایت کاری میں بننے والی میوزک ویڈیو میں محبت، دھوکے اور جذباتی اتار چڑھاؤ پر مبنی کہانی پیش کی گئی ہے جبکہ ویڈیو کا اختتام ایک ڈرامائی اور کھلے انداز میں ہوتا ہے۔

گانا ریلیز ہوتے ہی عاطف اسلم اور یمنیٰ زیدی کے مداحوں کی جانب سے اسے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے دونوں فنکاروں کے امتزاج کو بھی خوب سراہا۔

ایک مداح نے تبصرہ کیا کہ ’پرانے عاطف اسلم واپس آگئے‘ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ایک عظیم گلوکار اور ایک عظیم اداکارہ ایک ساتھ نظر آرہے ہیں۔

دیگر صارفین نے بھی دونوں فنکاروں کی تعریف کرتے ہوئے میوزک ویڈیو کو پسندیدہ قرار دیا۔