نیپال میں بدھ کو آنے والے اچانک اور قیامت خیز سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف علاقوں میں امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب کے باعث اب تک کم از کم 675 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 400 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں جبکہ نیپال اور تبت کی سرحدی علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ نیپال ٹورازم بورڈ کے مطابق لاپتا افراد میں 320 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق تبت میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک جبکہ 546 افراد لاپتا ہیں جبکہ لاپتا افراد میں 23 ممالک کے 261 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔
چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق تبت میں لاپتا غیر ملکی شہریوں میں 15 برطانوی، 104 نیپالی، 49 بھارتی، 18 امریکی، 33 لیٹوین، 6 کینیڈین، 6 آسٹریلوی اور 4 جنوبی افریقی شہری شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاپتا افراد میں ملائیشیا، جرمنی اور روس کے 3،3 شہری، آئرلینڈ اور ایسٹونیا کے 2،2 شہری جبکہ فرانس، نیدرلینڈز اور نیوزی لینڈ کے بھی 2،2 شہری شامل ہیں۔ فن لینڈ، لیتھوانیا، پرتگال، یوکرین، اسپین اور ہنگری کا ایک، ایک شہری بھی لاپتا افراد میں شامل ہے۔
چینی حکام نے لاپتا غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے ان کے متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو آگاہ کردیا ہے۔
نیپالی حکام اس سے قبل 33 برطانوی شہریوں کے لاپتا ہونے کی اطلاع دے چکے ہیں تاہم یہ واضح نہیں کہ چین کی جانب سے لاپتا قرار دیے گئے 15 برطانوی شہری انہی افراد میں شامل ہیں یا یہ الگ افراد ہیں۔
چینی حکام کے مطابق لاپتا افراد کے اعداد و شمار مختلف سرکاری اداروں کی مشترکہ تحقیقات اور باہمی تعاون کے بعد مرتب کیے گئے ہیں جن میں خارجہ امور، پبلک سیکیورٹی، ثقافت و سیاحت اور ایمرجنسی مینجمنٹ کے متعلقہ ادارے شامل ہیں۔



















