پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بھارتی طیاروں پر پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کی پابندی میں مزید توسیع کردی ہے جس کے بعد بھارتی ایئرلائنز اور فوجی پروازیں بدستور پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکیں گی۔
پی اے اے کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹریشن رکھنے والے تمام طیاروں، بشمول سول اور عسکری پروازوں، پر پابندی 24 جون تک برقرار رہے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق 19 مئی صبح 10 بجکر 40 منٹ سے نافذ ہوچکا ہے جبکہ یہ پابندی 24 جون صبح 4 بجکر 59 منٹ تک مؤثر رہے گی۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کے بعد بھارتی ایئرلائنز کو اپنے متعدد بین الاقوامی روٹس کے لیے متبادل فضائی راستے اختیار کرنا ہوں گے جس سے پروازوں کے دورانیے اور اخراجات میں اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کیلئے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس میں اب مزید توسیع کردی گئی ہے۔

















