حالیہ بین الاقوامی تبصرے اور میڈیا رپورٹس میں عمران خان کی رہائی کا مطالبہ سامنے آیا ہے، جس پر ماہرین نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے استحکام سے زیادہ ایک اندرونی قانونی معاملے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے عدالتوں میں ہوتے ہیں، کسی بھی اخبار یا رائے عامہ کے کالم میں نہیں۔ ایرک لوئس کے مضمون میں جس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر زور دیا گیا ہے، قانونی تجزیے سے زیادہ وکالت کا پہلو نمایاں ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، بانی پی ٹی آئی غیر قانونی طور پر گرفتار نہیں ہیں بلکہ وہ پاکستان کے قانونی نظام کے تحت مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہیں سیاسی مظلومیت کے طور پر پیش کرنا حقیقت اور قانون دونوں کی غلط تعبیر ہے۔
سفارتی اور سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے استحکام کا دارومدار کسی ایک فرد پر نہیں بلکہ مضبوط اداروں پر ہے۔ حالیہ دنوں میں پاکستان نے علاقائی سطح پر تناؤ کم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں امریکا اور ایران کے درمیان بیک چینل ڈپلومیسی اور دیگر کثیرالجہتی امن کوششیں شامل ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ریاست کی مستقل مزاجی اور کردار کا دارومدار اداروں پر ہے نہ کہ افراد پر۔
تاریخی تناظر میں بھی یہ دعویٰ کمزور ہے کہ ملک کی سفارتی کامیابیوں کا تعلق صرف بانی پی ٹی آئی سے ہے۔ ان کے دور حکومت میں کوالالمپور سمٹ کے موقع پر تناؤ اور اسلامی تعاون تنظیم میں اختلافات سامنے آئے، جو استحکام کی بجائے غیر یقینی صورتحال کے مظاہر تھے، جنہیں بعد میں ریاست نے درست کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وارننگ کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف قانونی کارروائی ملک میں عدم استحکام پیدا کر سکتی ہے، دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے نہ کہ حقیقت پر مبنی تجزیہ۔ قانونی نظام کو کسی فرد کے مفاد یا سیاسی مقاصد کے لیے متاثر نہیں کیا جا سکتا۔
خلاصہ یہ ہے کہ خودمختار قانونی نظام کو بیرونی دباؤ سے اوور رائیٹ نہیں کیا جا سکتا۔ عدالتیں فیصلے کریں گی اور انہیں آزادانہ طور پر اپنا کام کرنے دیا جانا چاہیے۔ بیرونی بیانیے اور کالم پاکستان کے عدالتی عمل پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔

















