فوربز نے ایشیا 2026 کی ’’30 انڈر 30‘‘ فہرست جاری کردی ہے جس میں پاکستان کے 7 نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی پر شامل کیا گیا ہے جن میں اداکارہ ہانیہ عامر، فلم ساز سمن کامران اور دیگر نمایاں نام شامل ہیں۔
فوربز کے مطابق اس سال کی 11 ویں ایڈیشن میں ان نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
ادارے نے کہا کہ اس فہرست میں کاروباری، ٹیکنالوجی، آرٹس، کھیل، سرمایہ کاری اور سائنسی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان شامل ہیں جو مختلف صنعتوں میں نئی جدت لارہے ہیں۔
ہانیہ عامر

فہرست میں شامل اداکارہ ہانیہ عامر کو انٹرٹینمنٹ اینڈ اسپورٹس کیٹیگری میں جگہ دی گئی ہے۔ وہ انسٹاگرام پر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ ہیں جن کے فالوورز کی تعداد تقریباً 2 کروڑ ہے۔
انہوں نے 2016 میں شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور 2017 میں فلم پھر وہی محبت سے شہرت حاصل کی۔
ہانیہ عامر جلد نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو میں بھی نظر آئیں گی جو رواں سال ریلیز ہونے کی توقع ہے۔
سمن کامران

فلم ساز سمن کامران کو آرٹس کے شعبے میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ اپنی دستاویزی اور تجرباتی فلموں کے لیے جانی جاتی ہیں جن میں Gandhara: Land of Fragrance اور نیویارک کے آرٹسٹ وونگ کٹ یی کے ساتھ بنایا گیا پروجیکٹ The Bed She Made شامل ہے۔
ان کے اسٹاپ موشن میوزک ویڈیو کو بھی بین الاقوامی سطح پر ایوارڈ مل چکا ہے۔
پلوٹون اے آئی کے بانی

فنانس اور وینچر کیپیٹل کیٹیگری میں دو پاکستانی نوجوان محمد فرقان کریم کِدوائی اور سر فراز شاہد حسین شامل ہیں جو سنگاپور میں قائم اے آئی پر مبنی پلیٹ فارم “Plouton AI” کے شریک بانی ہیں۔ یہ پلیٹ فارم مالیاتی امور کو خودکار بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
سید اسماعیل

اسی فہرست میں کراچی کے سید اسماعیل بھی شامل ہیں جنہوں نے کموڈٹی سورسنگ اور ٹریڈ میں شفافیت بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم “Saraaf” قائم کیا۔
مہیرہ غنی

ہیلتھ کیئر اینڈ سائنس کیٹیگری میں پاکستانی سائنسدان مہیرہ غنی کو شامل کیا گیا ہے جو کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرچکی ہیں اور جدید سیمی کنڈکٹرز پر تحقیق کررہی ہیں۔
وہ خواتین کو سائنس کے شعبے میں آگے لانے کے لیے ایک تعلیمی اقدام بھی چلارہی ہیں۔
فہد شہباز

سوشل امپیکٹ کیٹیگری میں فہد شہباز کو شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے 18 سال کی عمر میں یوتھ جنرل اسمبلی کی بنیاد رکھی جس کا مقصد نوجوانوں کو پالیسی سازی اور گورننس میں شامل کرنا ہے۔
فوربز کی اس فہرست کو دنیا بھر میں نوجوان ٹیلنٹ کی ایک اہم عالمی درجہ بندی سمجھا جاتا ہے جو ابھرتے ہوئے رہنماؤں اور جدت کاروں کو نمایاں کرتی ہے۔















