پاکستان میں عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی کھالوں کی خرید وفروخت ایک وسیع معاشی سرگرمی کی شکل اختیار کرلیتی ہے، کھالوں کی خرید وفروخت سے لاکھوں افراد کا روزگاروابستہ جبکہ چمڑے کی صنعت کا ملکی برآمدات میں اہم حصہ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان میں اس سال قربانی کے 75لاکھ جانوروں کی کھالوں سے8.7ارب روپے (31 ملین ڈالر) کی معاشی سرگرمی متوقع ہے، ایک دہائی کے دوران قربانی کے جانوروں کی تعداد میں17 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سال 28 لاکھ گائے بیلوں، 43 لاکھ بکروں، 5 لاکھ بھیڑوں اور30 ہزار اونٹوں کی کھالیں حاصل ہونے کا امکان ہے، گزشتہ نوسال میں چمڑے کی صنعت کا رجحان کھالوں کی فراہمی سے منافع بخش تیارمصنوعات کی طرف منتقل ہوا۔ پاکستانی برآمدات میں چمڑے سے تیار شدہ مصنوعات اور جوتوں کا حجم 694.20 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق حکومت ملک میں چمڑے کی صنعت کوخام مال کی فراہمی سے تیارشدہ مصنوعات کی طرف منتقل کرنے کیلئے کوشاں ہے، قربانی کے جانوروں اوران کی کھالوں کی بڑھتی تعداد ملک میں خریداری کی مضبوط صلاحیت اورمعاشی اعتماد کی عکاس ہے۔

















