ملک میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت نے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بیماری کے تدارک، نگرانی اور کنٹرول سے متعلق جاری کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت، ایڈیشنل سیکرٹری صحت، ڈریپ، ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کے علاوہ اہم اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔
شرکا کو ملک میں ایچ آئی وی کی صورتحال اور اس کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جبکہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کی گئی ایچ آئی وی ٹاسک فورس کی سفارشات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر صحت نے اس موقع پر متعلقہ اداروں کو واضح ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی وی کے مؤثر کنٹرول کے لیے تمام اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور فوری عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹاسک فورس کی سفارشات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، سی ڈی سی اور سی ایم یو کی جانب سے ایچ آئی وی سے متعلق ایک جدید ڈیش بورڈ فعال کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے ملک بھر سے موصول ہونے والا ڈیٹا بروقت رپورٹ اور مانیٹر کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام سے نہ صرف بیماری کی نگرانی بہتر ہوگی بلکہ پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔




















