Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ووٹ دیں یا نہیں پھر بھی گلگت بلتستان کے مسائل حل کریں گے، نواز شریف

گلگت بلتستان کے عوام میرے دل میں بستے ہیں، سوال ہے حکومتوں نے گلگت بلتستان کو کیوں نظر انداز کیا؟

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ دیں گے یا نہیں پھر بھی گلگت بلتستان کے مسائل حل کریں گے، کسی پر تنقید کر کے سیاست نہیں کرتا، کارکردگی پر ووٹ مانگتے ہیں۔

نواز شریف نے گلگت بلتستان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے پُرجوش استقبال ملا جو باعثِ مسرت ہے۔

انہوں نے خطے میں بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض علاقوں میں سڑکوں کی حالت تشویشناک ہے، کئی برس بعد گلگت بلتستان کے عوام کے درمیان آئے ہیں اور اس خطے کے لوگ ان کے دل میں بستے ہیں۔

نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں گلگت اور اس کے ملحقہ علاقوں میں جدید شاہراہوں کے منصوبے شروع کیے گئے تھے تاہم بعد کے ادوار میں ان منصوبوں کی رفتار متاثر ہوئی، سوال یہ ہے کہ مختلف حکومتوں نے گلگت بلتستان کو ترقی کے عمل میں کیوں پیچھے رکھا۔

  انہوں نے اپنے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھایا گیا اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے گئے، ہماری سیاست تنقید پر نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر ہے۔

انہوں نے گلگت بلتستان میں فضائی رابطوں کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہیے اور اس حوالے سے وزیراعظم سے بات کروں گا، موجودہ صورتحال میں ہفتے میں چند پروازیں ناکافی ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ گلگت اور اسکردو کے درمیان سفر کا دورانیہ ماضی کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہوا ہے جو ترقیاتی منصوبوں کا نتیجہ ہے۔ علاقے میں بجلی کے مسائل اور لوڈشیڈنگ پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لواری ٹنل سمیت کئی بڑے منصوبے مکمل کیے گئے جو طویل عرصے سے التوا کا شکار تھے۔ ہائیڈل پاور منصوبوں پر بھی کام شروع کیا گیا تھا جن کی تکمیل میں تاخیر ہوئی۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر کام کرنے کا موقع دیا جاتا تو ملک میں کئی مسائل باقی نہ رہتے، ہم دوبارہ برسرِ اقتدار آنے کی صورت میں گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کو ترجیح دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کو خطے کا دورہ کرنے کی ہدایت دوں گا جبکہ مستقبل میں حکومت کی تشکیل کی صورت میں خود بھی گلگت بلتستان کے باقاعدہ دورے کروں گا۔

متعلقہ خبریں