راولپنڈی: پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب حادثے کا شکار ہو کر کریش ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثے کے نتیجے میں طیارے پر سوار دونوں پائلٹس شہید ہو گئے۔ شہداء میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طحہ عباسی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا ہے تاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج کے تمام رینکس نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے جبکہ شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔



















