Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات، بجٹ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے امور پر تبادلہ خیال

ملاقات میں پپلزپارٹی اور ن لیگ کے وفود بھی شامل تھے۔

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں وفاقی بجٹ، آزاد کشمیر کی صورت حال، گلگت بلتستان میں حکومت سازی اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے سلسلے میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کو سراہا۔

انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے حکومت پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اہم قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال اور عوامی فلاح سے متعلق اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے سے متعلق مختلف معاملات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تعاون اور حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی کے وفد میں سینیٹر شیری رحمان اور نوید قمر شامل تھے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر احد چیمہ بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ خبریں