بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 19 دہشت گرد ہلاک اور پاک فوج کے 11 بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں این-25 پر جھاو کراس اور کرارو کے درمیان انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، فورسز کی بروقت کارروائی سے بھتہ وصول کرنے والے فتنہ الہندوستان کے 19 دہشتگرد جہنم واصل اور متعدد زخمی ہوئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آپریشن کے دوران وطن کے دفاع میں لڑتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے 11 بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد روڈ بلاک کر کے مسافروں اور مقامی شہریوں سے بھتہ وصول کرنے میں مصروف تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ عوام کی جان و مال، شاہراہوں کے تحفظ اور بلوچستان کے امن کو یرغمال بنانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔


















