Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک بحریہ نے ڈوبتی کارگو کشتی سے 20 پاکستانی ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا

پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کا 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا کامیاب ریسکیو آپریشن ہے

پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) نے مشترکہ ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے اورماڑہ کے قریب ڈوبنے والی کارگو کشتی کے 20 پاکستانی عملے کو بحفاظت بچا لیا۔ ریسکیو آپریشن میں پاک بحریہ کے جہاز، فضائی اثاثوں اور پی ایم ایس اے کے جہاز نے حصہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے تعاون سے سمندر میں پھنسے 20 پاکستانی ماہی گیروں کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اورماڑہ کے مشرق میں کھلے سمندر میں کارگو کشتی “الحمدان یعقوب” پانی بھر جانے کے باعث ڈوبنے لگی تھی۔ کشتی کے انجن روم میں پانی بھرنے کے بعد عملے نے مدد کے لیے ہنگامی کال کی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کو موصول ہوئی۔

اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین اور متعلقہ فضائی اثاثوں کو فوری طور پر ریسکیو مشن کے لیے روانہ کر دیا گیا۔ پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹر اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ڈیفنڈر جہاز نے بھی امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈوبتی کشتی میں عملے کے 20 ارکان موجود تھے جو تمام پاکستانی شہری تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

واقعہ اورماڑہ سے تقریباً 32 ناٹیکل میل جنوب میں پیش آیا۔ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کا 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا کامیاب ریسکیو آپریشن ہے جس میں بروقت کارروائی کے ذریعے قیمتی انسانی جانیں بچائی گئیں۔ پاک بحریہ نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور سمندری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔