Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی والوں کے لیے بڑی خبر، ٹریفک پولیس کا بغیر میٹر رکشوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

ای چالان سسٹم اور لین مارکنگ کے باعث شہر میں ٹریفک کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی

کراچی میں رکشہ سروس کے حوالے سے اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر اب صرف وہی رکشے چل سکیں گے جن میں میٹر نصب ہوگا جبکہ مختلف اقسام کے رکشوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے رکشوں کے حوالے سے نئی پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ کراچی کی سڑکوں پر صرف میٹر والے رکشوں کو اجازت دی جائے گی جبکہ غیر قانونی اور مختلف اقسام کے رکشوں کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ چنگچی رکشوں کو مرکزی شاہراہوں سے ہٹانے کے لیے کوششیں جاری ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔

ای چالان سسٹم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بعض شہریوں کو اس نظام کے باعث مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے حل کے لیے ریلیف پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای چالان خودکار نظام کے تحت جاری ہوتے ہیں، اس لیے بعض اوقات غلطی کا امکان موجود رہتا ہے۔

پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ای چالان سسٹم اور لین مارکنگ کے باعث شہر میں ٹریفک کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کراچی میں ہیوی ٹریفک حادثات کے باعث 164 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

انہوں نے گاڑیوں کی ملکیت منتقلی کے حوالے سے بھی اہم اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا کے مطابق اب تک 45 ہزار گاڑیاں اپنے اصل مالکان کے نام پر منتقل نہیں کی گئیں، جبکہ اس معاملے میں متعدد افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا جا چکا ہے۔