پاکستانی طلبہ نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے 56ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تین کانسی کے تمغے اپنے نام کر لیے۔
عالمی فزکس مقابلہ 4 سے 12 جولائی تک کولمبیا کے شہر بوکارامانگا میں منعقد ہوا جس میں دنیا کے 90 سے زائد ممالک کے 400 سے زیادہ طلبہ نے حصہ لیا۔
پاکستانی ٹیم میں شامل ڈی جی خان کے ذوالفقار علی، راولپنڈی کے حمدان علوی اور اسلام آباد کے دانیال شہزاد حامد نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
مقابلے میں لاہور کے حزہ محمود اور راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز نے بھی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور خصوصی اعزازی اسناد حاصل کیں۔
پاکستانی طلبہ کا انتخاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پی آئی ای اے ایس) کے زیر اہتمام 22ویں نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا۔
منتخب طلبہ کو پی آئی ای اے ایس کیمپس میں سخت تربیتی مراحل سے گزارا گیا جہاں انہیں ملکی و غیر ملکی ماہرین کی نگرانی میں فزکس کے نظریاتی اور تجرباتی شعبوں میں اعلیٰ سطح کی تربیت فراہم کی گئی۔
عالمی مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت پی آئی ای اے ایس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اور ڈاکٹر محمد وسیم نے کی۔
واضح رہے کہ اب تک 365 سے زائد پاکستانی طلبہ انٹرنیشنل سائنس اولمپیاڈز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ پاکستانی طلبہ مجموعی طور پر 144 عالمی تمغے جیت چکے ہیں۔















