چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ہماری ریڈ لائن ہیں ان کے خلاف کوئی بھی بات برداشت نہیں کی جائے گی۔
مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے بیس کیمپ میں موجود ہونے پر فخر ہے، کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے عہد کی تکمیل کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا پسینہ گرے گا تو ہمارا خون گرے گا کشمیریوں کے خلاف کسی بھی قسم کی بات برداشت نہیں کریں گے۔ کشمیر کا فیصلہ صرف کشمیری کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے بھارتی فوج کو عبرتناک شکست دی قیام امن میں پاکستان کے کردار کو دنیا نے سراہا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری بصیرت کا دنیا اعتراف کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھو کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ایران پر جنگ مسلط کرنے میں بھارتی اور صیہونی وزیراعظم کے کردار کو دنیا جان گئی ہے۔
پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں سیاست کی درست سمت اختیار کرنا ہوگی اور معاملہ فہمی کی ضرورت ہے۔ کوئی بھی کبھی بھی ریاست کو سرنگوں نہیں کرسکتا۔
انہوں نے گزشتہ ایک ماہ میں کشمیر کی صورتحال پر مکمل توجہ مرکوز رکھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سیکیورٹی جوانوں کی شہادت پر دل رنجیدہ ہے جبکہ حملوں اور ہنگاموں میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن پرتشدد احتجاج اور مظاہروں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاستی قانون کے مطابق تحقیقات کریں۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ گزشتہ واقعات پر اپنا کردار ادا کریں جبکہ کشمیر میں ہونے والے معاملے پر ایک کمیشن تشکیل دیا جائے جسے مکمل اختیارات دیے جائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کشمیریوں کا مسئلہ صرف آزاد کشمیر میں بیٹھ کر حل کرنے کے حق میں ہوں ہمیں عالمی سازشوں کو سمجھنا چاہیے اور الفاظ کا چناؤ درست انداز میں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کشمیر کا فیصلہ صرف کشمیری کریں گے۔















