Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی سمیت ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کا خدشہ، سپلائی محدود کردی گئی

پیٹرول پمپس پر ایلوکیشن عائد ہونے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے

امریکا ایران کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی نظر آنے لگے جہاں کراچی سمیت ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی ممکنہ قلت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر امیر خان کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی محدود کردی ہے جس کے باعث ملک بھر کے پیٹرول پمپس کو سپلائی میں کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پیٹرول پمپس پر ایلوکیشن عائد ہونے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق حسن کا کہنا ہے کہ سپلائی میں کمی کے باعث ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مطابق پیٹرول پمپس کو ان کی ماہانہ اوسط فروخت کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ کسی بھی ڈیلر کی اضافی طلب پوری نہیں کی جا رہی۔

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوتے ہی ڈیلرز شور مچانا شروع کردیتے ہیں۔ کمپنیوں کے مطابق جب بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہوتا ہے تو بعض ڈیلرز مصنوعات کی خریداری کم کر دیتے ہیں۔

دوسری جانب ڈیلرز کا کہنا ہے کہ محدود سپلائی کے باعث آنے والے دنوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں