بلوچستان میں پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ “آپریشن شعبان” کامیابی سے جاری ہے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مزید 3 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دشوار گزار علاقوں میں موجود دہشتگردوں کی کمین گاہوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے 3 دہشتگردوں کے بعد آپریشن شعبان میں مارے گئے خارجی دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 91 ہوگئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 129 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپریشن شعبان آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھیں گی۔















