Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روزانہ ریٹ تبدیل کرنے کی پالیسی پر ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند

پیٹرول پمپوں کی بندش کے باعث شہری، مسافر، ٹرانسپورٹرز، موٹر سائیکل سوار اور دیگر صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں

وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپ مالکان نے احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ہڑتال شروع کر دی جس کے باعث متعدد علاقوں میں ایندھن کی فراہمی معطل اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کرک میں پیٹرول پمپ مالکان نے روزانہ نرخ تبدیل کرنے کی پالیسی کے خلاف مکمل ہڑتال کرتے ہوئے پمپ بند کر دیے۔ ہڑتال کے باعث شہر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت پیدا ہوگئی ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہونے اور معمولاتِ زندگی مفلوج ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

صدر پیٹرول پمپ مالکان حاجی امان اللہ کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں تبدیلی سے ان کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دوبارہ ماہانہ بنیاد پر قیمتوں کے تعین کی پالیسی اختیار کرے، بصورت دیگر ہڑتال جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے اور دوسری جانب ایندھن کی دستیابی بھی متاثر ہو رہی ہے، جس سے نہ صرف کاروبار بلکہ عوام بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے مطالبات کی حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب ایبٹ آباد میں بھی پیٹرولیم ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال پر تمام پیٹرول پمپ مکمل طور پر بند کر دیے گئے، جس سے ایندھن کی فراہمی معطل ہوگئی۔

پیٹرول پمپوں کی بندش کے باعث شہری، مسافر، ٹرانسپورٹرز، موٹر سائیکل سوار اور دیگر صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ روزمرہ کے معمولات بھی متاثر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

پیٹرول پمپ مالکان کا مؤقف ہے کہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل کی موجودہ پالیسی ان کے لیے مالی نقصان کا باعث بن رہی ہے، اس لیے حکومت فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے قیمتوں کے تعین کا سابقہ ماہانہ نظام بحال کرے۔

متعلقہ خبریں