آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جہاں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں پولنگ کا عمل صبح سے جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ ووٹرز اپنے اپنے حلقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ کر حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
انتخابی مرحلے کے تحت میرپور ڈویژن کے مجموعی طور پر 13 حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے ان میں ضلع میرپور کی 4، بھمبر کی 3 جبکہ کوٹلی کی 6 نشستیں شامل ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان کی بروقت ترسیل مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ان حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
اہم سیاسی جماعتوں خصوصاً مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور آزاد امیدوار بھی کامیابی کے لیے سرگرم ہیں۔
میرپور ڈویژن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 437 ہے جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
پولنگ کے لیے مجموعی طور پر 2 ہزار 316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 1 ہزار 241 کو انتہائی حساس جبکہ 724 کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں اضافی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی انتہائی سخت
امن و امان برقرار رکھنے کے لیے میرپور ڈویژن میں 18 ہزار 560 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کے 2 ہزار 100 جوان بھی انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ شفاف اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں جبکہ ووٹنگ کے عمل میں مداخلت یا رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
‘انتخابی ماحول خراب کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘
دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان کا کہنا ہے کہ ریاستی ادارے پُرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ انتخابی ماحول خراب کرنے یا امن و امان میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
‘باہر نکلیں، تیر پر مہر لگائیں’
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ آزاد جموں و کشمیر کی انتخابی مہم کے سلسلے میں میرپور کے عوام کے لیے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری کریں تو آئیں باہر نکلیں، تیر پر مہر لگائیں اور پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔


















