اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع کے کشمیر سے متعلق اشتعال انگیز اور غیرذمہ دارانہ بیانات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارت کی جارحانہ اور اشتعال انگیز بیان بازی ناقابلِ قبول ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کا بیان اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود جموں و کشمیر تنازع سے متعلق حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے، ان کا بیان علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی دانستہ بھارتی پالیسی کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے الزامات مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے، خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی اور داخلی عدم استحکام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، بھارت کی جارحانہ اور اشتعال انگیز بیان بازی ناقابلِ قبول ہے، بھارت پاکستان اور پاکستانی عوام کے غیر متزلزل عزم کو ہرگز کمزور نہ سمجھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ سال آپریشن ”بنیان المرصوص“ کے دوران بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر اپنے عزم کا ثبوت دیا، پاکستانی قوم اور بہادر مسلح افواج ہر بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتی ہیں۔
طاہر اندرابی نے مزید بتایا کہ پاکستان نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے بھارت کے مسلسل غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت کو متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی پر جوابدہ ٹھہرایا جائے، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی ضمانت دیتی ہیں۔

















